سورج (27  مئی) دوپہر کے وقت 12 بجکر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا، قبلہ کی سمت معلوم کی جا سکے گی

جدہ فلکیاتی انجمن نے کہا ہے کہ (27  مئی )جمعرات کو سورج دوپہر کے وقت 12 بجکر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا، یہ اس سال کا پہلا واقعہ ہوگا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فلکیاتی انجمن کے سربراہ ڈاکٹر ماجد ابو زاھر نے کہا کہ سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہونے کا واقعہ اس لیے رونما ہوتا ہے کیونکہ خانہ کعبہ خط استوا اور مدار السرطان کے درمیان واقع ہے۔سورج گردش کے دوران خط استوا سے مدار السرطان کی طرف مئی کے مہینے میں منتقل ہوتا ہے اور گردش کرتے کرتے خانہ کعبہ کے اوپر آجاتا ہے۔ماجد ابو زاھر نے بتایا کہ سورج جس وقت خانہ کعبہ کے اوپر نظر آتا ہے وہ اپنی انتہائی بلندی پر تقریبا 90 درجے پر ہوتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عرب ممالک قطب شمالی کے پڑوسی علاقوں افریقہ، یورپ، چین، روس اور مشرقی ایشیا کے باشندے سورج کے خانہ کعبہ کے اوپر ہونے کی وجہ سے اپنے ہاں قبلہ کی درست سمت متعین کرسکتے ہیں۔ابو زاھر نے مزید کہا کہ قدیم زمانے کے لوگ اسی سادہ طریقے سے قبلہ کا رخ متعین کیا کرتے تھے۔ یہ طریقہ کار نتیجے کے اعتبار سے جدید ترین ٹیکنالوجی سے کسی درجے کم نہیں۔

ای پیپر دی نیشن