آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ، عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور داخلی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر اجلاس میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔کور کمانڈرز کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ کنٹرول لائن، ورکنگ باونڈری اور پاک افغان بارڈر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان امن عمل میں پیش رفت اور اس کے پاک افغان سکیورٹی پر اثرات پر بھی غور کیا گیا، کانفرنس کے شرکا نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس کے دوران افغانستان سے کراس بارڈر فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا کہ امید ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔شرکاء کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروپ دوبارہ سے سر اٹھا رہے ہیں اور افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہے ہیں۔ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پاک افغان بارڈر پر موثر مینجمنٹ یقینی بنائی۔ امید ہے افغانستان بھی بارڈر پر موثر مینجمنٹ یقینی بنائے گا اور امن تباہ کرنے والوں کو جگہ نہیں دے گا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیتے ہوئے کہا گیاکہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے علاقے میں دیرپا استحکام آ سکتا ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا کی تیسری لہر میں فارمیشنز کے سول انتظامیہ سے تعاون کو سراہا اور کہا کہ ان اقدامات سے عالمی وباء  کا پھیلاو روکنے اور اس پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

ای پیپر دی نیشن