سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس ایک سال بعد 42 ہزار سے نیچے: ڈالر بلند ترین سطح پر


کراچی+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک سال کے بعد 42 ہزار سے نیچے آگیا، انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ملکی تاریخ میں پہلی بار 201 روپے سے بھی تجاوز کرگئی، اوپن ریٹ 202 روپے کی بلند ترین سطح پر آگئے جبکہ ملک میں سونے کی قیمت میں 1950 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 100 انڈیکس 489 پوائنٹس کم ہوکر 41ہزار 950 ہوگیا،کاروباری دن میں 100 انڈیکس 718 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ ادھر  انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر 48 پیسے اضافے کے ساتھ 201.41 روپے کی نئی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے اضافے کے بعد 202 روپے کا ہوگیا۔ ادھر سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ ایک ہزار 1950 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 43 ہزار 600 روپے ہوگیا۔ 10 گرام سونے کے دام ایک ہزار 1672 روپے اضافے سے ایک لاکھ 23 ہزار114 روپے ہے۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 43 ہزار 600 اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 23 ہزار 114 روپے کی سطح پر آگئی۔

ای پیپر دی نیشن