مظفر آباد (اے پی پی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان، یٰسین ملک کی 10 سالہ بیٹی رضیہ سلطانہ کی روداد سن کر آبدیدہ ہو گئے۔ تنویر الیاس خان حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کر رہے تھے تو اس دوران جب مشعال ملک نے بتایا کہ ان کی بیٹی رضیہ سلطانہ دو سال کی عمر میں آخری بار اپنے والد کی گود میں بیٹھی تھی اور آج رضیہ کی عمر دس سال ہو چکی ہے۔ رضیہ سلطانہ کا صرف یہ قصور ہے کہ وہ ایک حریت پسند لیڈر کی بیٹی ہے۔ تنویر الیاس خان آبدیدہ ہو گئے۔ بعد ازاں اپنی گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے رضیہ سلطانہ کو کشمیر،پاکستان اور پوری امت مسلمہ کی بیٹی قرار دیا۔ وزیر اعظم نے یٰسین ملک کی ننھی بیٹی کو پیار بھی کیا۔حریت رہنما پر جھوٹے مقدمات اور متوقع غیر منصفانہ سزا کے خلاف آزاد کشمیر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔