لاہور (سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں احتجاج کے باعث ممکنہ طور پر ٹرینوں کی بندش کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ ریلوے میں اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میںمکنیکل، ٹریفک، سول افسروں سمیت دیگر شعبوں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں خصوصی طور پر ریلوے پولیس کے افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں احتجاج کے باعث ٹرینوں کی ممکنہ بندش کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرینوں کی آمد و روانگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ممکنہ احتجاج کے باعث ٹرینیں روکنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس حوالے سے ماتحت عملہ اور پولیس اہلکاروں کو خصوصی احکامات جاری کر دئیے گئے جبکہ ریلوے سٹیشنوں کی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ریلوے سٹیشنوں کے اطراف میں سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔