راولپنڈی (آئی این پی) برطانوی وزیر برائے مسلح افواج، مسٹر جیمز سٹیفن ہیپی ایم پی نے وفد کے ہمراہ سیکرٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) میاں محمد ہلال حسین سے منگل کے روز وزارت دفاع میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ سیکرٹری دفاع نے کہا کہ برطانیہ ایک منفرد مقام رکھتا ہے اور یورپی یونین کے خطے میں اس کا اہم کردار ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کا مشترکہ مقصد ان کے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرتا ہے۔ معزز مہمان نے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے نہ صرف دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا بلکہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ مزید برآں انہوں نے ہر سطح پر بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
برطانوی وزیر ملاقات
سیکرٹری دفاع سے ملاقات‘ برطانوی وزیر نے امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سر اہا
May 25, 2022