میٹرو بسوں کی شپمنٹ  چین سے کراچی بندر گاہ پہنچ گئی،سی ڈی اے

May 25, 2022

اسلام آباد(وقائع نگار) وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ جہاں اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے وہیں انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو اعلی اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں پشاور موڑ تا نیو ائیرپورٹ کے لئے میٹرو بسوں کی شپمنٹ چائنہ سے کراچی بندر گاہ پہنچ چکی ہے۔
 توقع کی جارہی ہے کہ ان بسوں کی پہلی کھیپ کل اسلام آباد کے لئے روانہ کردی جائے گی۔واضح رہے کچھ عرصہ قبل  میٹروبس بس سروس کا ٹرائل رن مکمل کرنے کے بعد اس سروس کو باقاعدہ شہریوں کے لئے شروع کردیا گیا تھا۔ بسوں کو اورنج روٹ کی مناسبت سے اورنج کلر میں پینٹ بھی کیا گیا ہے۔ان بسوں کے پہنچنے کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے حالیہ فیصلے کے مطابق پنجاب میٹرو بس اتھارٹی سے مستعار لی گئی بسوں کو عارضی بنیادوں پر دوسرے روٹس پر شفٹس کردیا جائے گا۔اس موقع پر سی کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سروس کے آغاز سے اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی میسر آئے گی۔

مزیدخبریں