راولپنڈی(جنرل رپورٹر) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری علامہ ڈاکٹر غضنفرعباس ملک نے کہاہے کہ حضرت امام جعفر صادق ؑ نے اسلامی تعلیمات کی ترویج کیلئے عظیم علمی و فکری تحریک کی بنیاد ڈالی جسکی وجہ سے اسلامی دنیا علم کا گہوارہ بن گئی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو عالمی عشرہ صادق آل محمد ؑ کی مناسبت سے مجلس صادق آل محمدؐسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے باورکرایاکہ اسلام ہر قسم کی عصبیت و جارحیت کی پر زور مذمت کرتا ہے اور وحدت و یگانگت ،دینی اقدار کا سر چشمہ ہے جو ہر ظلم و بربریت ،جبر و استبداد کیخلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام اپنے پیرکاروں کی امیدوں کا منبع و مرکز ہے اور اختلاف و عدم اتحاد تباہی و بربادی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ذات اقدس نے ہمیں تمام تر نعمتوں سے مالا مال کر رکھا ہے لیکن باطل قوتیں ‘‘کشمیر و فلسطین سمیت پوری دنیاکواپنا ٹارگٹ بنارکھاہے ایسے میں لازم ہے کہ امت مسلمہ ،مظلوم اقوام اتحاد ویکجہتی کو ترجیح دیں اور حضور اکرم، اہلبیت اطہار اور پاکیزہ صحابہ کبار کے اتحاد آفریں فرامین کو نہ صرف عام کیا جائے بلکہ مظلومین و محرومین ہم رنگ و ہم آہنگ ہو کر شیطانی قوتوں کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیں اور مسلم ریاستیں اندرون ملک تمام مکاتب کے حقوق برابر کی سطح پر ادا کریں کیونکہ جب وہ اندرونی طور مضبوط و مستحکم ہو نگے تو دنیا کا بڑے سے بڑا ظالم و جابر ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔