فیصل ادریس بٹ
بلوچستان میں گزشتہ ہفتے جو اہم واقعہ پیش آیا وہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملہ تھا۔ اس واقعہ کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جماعت اسلامی ایک قومی جماعت ہے جس کے پاس ہر طرح کے تربیت یافتہ کارکن موجود ہیں اگر یہ کارروائی ٹی ٹی پی کی طرف سے تھی تو وہ بھی حیران کن ہے کیونکہ جماعت اسلامی کے تمام طالبان گروپوں کے ساتھ اچھے تعلقات ڈھکے چھپے نہیں۔ افغانستان کے جہاد میں جماعت اسلامی حکمت یار گروپ کی پشت بان تھی۔ اس کے باوجود اگر تحریک طالبان پاکستان نے یہ حرکت کی ہے تو اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ وہ پاکستان میں پھیلے سیاسی انتشار میں مزید اضافہ چاہتی کیونکہ انارکی کا سب سے زیادہ فائدہ یہ دہشت گرد تنظیمیں اٹھاتی ہیں ۔اگر یہ حرکت بی ایل اے کے حامی دہشت گرد کسی گروپ نے کی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ بلوچستان میں گوادر کو حق دو تحریک کے بانی جماعت اسلامی کے رہنما مولوی ہدایت اللہ کا اثر رسوخ دیکھ کر خوفزدہ ہیں اور اس لئے ایسی کارروائی کی ہے مقصد دونوں کا یہی ہے کہ بلوچستان میں عوام کو موجودہ نظام سے بدظن کیا جائے اور انتشار کی فضا پیدا ہو۔ یوں دہشت گردوں کو اپنا کام کرنے میں آسانی رہے۔ دوسری طرف گوادر کو حق دو تحریک نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ:
’’زمین میرو سلطان سے بیزار ہے … پرانی سیاست گری خوار ہے‘‘۔
باوجود اس کے صوبے کے معاشی حالات دگرگوں ہیں۔ انتظامیہ نہ تو ترقیاتی کاموں پر توجہ دے پا رہی ہے نہ انہیں مکمل کرا رہی ہے اوپر سے مہنگائی نے ملک کے باقی حصوں کی طرح بلوچستان میں بھی اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں بلکہ دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں مہنگائی کی شرح زیادہ ہے ان حالات میں گزشتہ دنوں 17 سال بعد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 34 ویں نیشنل گیمز کا شاندار اور رنگا رنگ افتتاح ہوا جس سے بلوچستان کے عوام خاص طور پر نوجوانوں میں ایک نیا جوش پیدا ہوا ہے۔ ملکی سطح پر کھیلوں کے اتنے بڑے ایونٹ کا افتتاح وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف نے کیا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے اتنے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر حکومت بلوچستان کو مبارک باد دی اور کہا کہ صوبے میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ملک بھر سے تمام کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور بلوچستان کے مقامی کھلاڑیوں نے ایسے مقابلوں کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اس سے بلوچستان کے نوجوانوں کو بھی کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ افتتاحی تقریب میں سکولوں کے بچوں نے شاندار پی ٹی اور جسمانی کرتب دکھائے اور مختلف سکولز کے بینڈز نے اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ خدا کرے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہے اور ایسے مختلف کھیلوں اور دیگر ایونٹ صوبے میں جاری رہیں اور نوجوانوں کی صلاحیت ابھر کر سامنے آئیں۔
بھارت بلوچستان میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے ہمیشہ جال بنتا رہا ہے مگر ھماری مسلح افواج اسکے غلیظ عزائم جہنم واصل کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں جنرل آصف غفور کی بطور کور کمانڈر تعیناتی کے بعد بھارت کی سازشیں تیزی سے کچلی جارہی ہیں خاص طور پر ہماری انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی انتہائی متحرک کردار ادا کر رہی ہے ھماری مسلح افواج آئی ایس آئی سینے پر پاکستانی پرچم صرف ڈسپلے نہیں کرتے بلکہ یہ جھنڈا انکے سینوں اور دل میں پیوست ہوتا ہے یہ اپنے تمام رشتے ناطے چھوڑ کر پاکستان کے بیٹے بن جاتے ہیں اور اسکے استحکام کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیتے ہیں جب تک مسلح افواج کا سایہ ملک پر ہے دشمن کی میلی آنکھ کو جہنم واصل کیا جاتا رہے گا۔
بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بی این اے کا سربراہ گلزار امام شمبے کوبھی ہماری بہادر افواج نے دبوچ لیا ہے گلزار امام بی بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی رائ کی ہدایات پر کارروائیاں کرتا تھا ۔ جیسا کہ مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی اجلاس کا انعقاد کرفیو لگا کر کیا گیا ہے وادی میں بھارتی فوج پیراملٹری فورسیز کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا جس سے خوف کی فضا گرم رہی خطے کے اہم ممالک نے مودی کے اس بے ہودہ عزائم کو شرکت نہ کر کے ناکام بنا دیا مودی اس کانفرنس کے ذریعے دنیا میں پیغام دینا چاہتا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے جس میں وہ بری طرح ناکام رہا۔
34ویں نیشنل گیمز کا آغاز بلوچ نوجوانوں میں نیا جوش و جذبہ
May 25, 2023