پی سی جے سی سی آئی پاک چائنا ٹریڈ پورٹل شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے

May 25, 2023

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی سی جے سی سی آئی)چین کو آم کی برآمد کو بڑھانے کیلئے پاک چین تجارتی پورٹل کے قیام کا منصوبہ بنا رہا ہے۔یہ بات پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر معظم علی گھرکی نے گزشتہ روز پی سی جے سی سی آئی میں ایک اجلاس کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستانی آموں کیلئے ایک بہت بڑی منڈی ہے اور اس شعبے میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے چین اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔ اگرچہ پاکستانی آم دیگر ممالک کے آموں کے مقابلے میں سستے ہیں لیکن اب چینی لوگ قیمت سے زیادہ معیار پر توجہ دیتے ہیں۔ اس لیے پاکستان کو اپنی اقسام میں تنوع پیدا کرنا چاہیے اور اعلیٰ قسم کے آم پیدا کرنے چاہئیں۔ معظم گھرکی نے کہا کہ پاک چائنہ نالج پورٹل اور پاک چائنا ٹیکنالوجی پورٹل کی طرح اب پی سی جے سی سی آئی پاک چائنا ٹریڈ پورٹل شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے کیونکہ چینی لوگ آن لائن شاپنگ کو ترجیح دیتے ہیں اور اس طرح پاکستانی ایکسپورٹرز اس پلیٹ فارم کو آم کی برآمدات کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فانگ یولونگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آم کی پیکنگ، تحفظ، پروسیسنگ اور ٹرانسپورٹیشن میں مزید کوششیں کرنی چاہئیں۔

مزیدخبریں