لاہور(کامرس رپورٹر )سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سبکدوش ہونے والے صدر افتخار علی ملک نے گزشتہ روز اپنے عہدہ کی 2 سالہ مدت مکمل ہونے پر سارک چیمبر کی صدارت کا قلمدان باضابطہ طور پر بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے جاشم الدین کو سونپ دیا۔ افتخار علی ملک نے ڈھاکہ میں منعقدہ پروقار تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نئے صدر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس فورم کو حقیقی کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ افتخار علی ملک نے اپنی صدارت کے دوران سارک چیمبر کو فعال بنانے، خطے میں تجارت کو فروغ دینے اور سارک چیمبر کی پالیسیوں، اقدامات و حکمت عملیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تجارتی نمائشوں، کاروباری کانفرنسوں اور فورمز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور علاقائی انضمام کو بڑھانے اور کاروباری معاملات کو سہل بنانے کیلئے بھرپور کام کیا۔