لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐو تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی کے سالانہ عرس مقدس کہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا قائد اہل سنت، امام شاہ احمد نورانی صدیقی پاکستان میں نظامِ مصطفیؐ کے نفاذ کی سب سے توانا آواز تھے۔ آپ نے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر نظام شریعت کیلئے اذان دی۔ آپ نے پاکستان کے اسلامی تشخص کے تحفظ کیلئے ان تھک جدو جہد کی۔ آپ بہت بڑے مصلح مدبر اور زیرک رہنما تھے۔ آپ جیسی نابغہ روز گار شخصیات صدیوں بعدپیدا ہوتی ہیں۔آپ نے پوری دنیا میں عقیدہ ختم نبوتؐ کو فروغ دیا۔ آپ دوقومی نظریے کے بہت بڑے علمبردار اور عقیدہ ختم نبوت کے عظیم محافظ تھے۔ آپ اپنے عہد کے بہت بڑے مصلح اور بین الاقوامی مبلغ تھے۔ آپ امریکی نیو ورلڈآرڈرکے مقابلے میں بہت بڑی ایمانی چٹان تھے۔ آپ نے کارکنان کی ہڈیوں اور کھوپڑیوں پر قیادتوں کے تاج محل تعمیر کرنے کے تصور کو یکسر مسترد کیا۔ بڑے بڑے ڈکٹیٹروں،آمروں اور وڈیروں کی سیاست آپ کے سامنے پانی بھرتی رہی۔ آپ پاکستان کے وہ واحد سیاستدان اور انٹر نیشنل مذہبی پیشوا تھے کہ ایک بھرپور سیاسی کیریر کے باوجود انکی چادرِ کردار پر کوئی داغ اور دھبہ نہیں تھا۔
امام شاہ احمد نورانی نظامِ مصطفیؐ کے نفاذ کی سب سے توانا آواز تھے:اشرف جلالی
May 25, 2023