جنیو ا (اے پی پی)رکن ممالک نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے 25۔ 2024 کے بجٹ میں 20 فیصد اضافہ کرنے کا عہد کیا ہے۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے تحریری بیان کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں 76 ویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں ڈبلیو ایچ او کے بجٹ پر بحث ہوئی ۔رکن ممالک نے رکنیت فیس میں 20 فیصد اضافے کا عہد کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے 25 ۔ 2024 پروگرام بجٹ کی منظوری دے دی ۔ اس پروگرام کا بجٹ 6.83 بلین ڈالر رکھا گیا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایدہانوم گیبریسز نے رکن ممالک کی اس فیصلے پر بھرپور حمایت اور ادارے پر اعتماد کا اظہار کرنے پر رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ممبرشپ فیس میں 20 فیصد اضافہ گزشتہ سال کے متعلقہ فیصلے کے ساتھ قبول کردہ ایک ضمانت ہے، یہ نوٹ کیا گیا کہ عالمی ادارہ صحت کی پائیدار مالیات سے متعلق دیگر سفارشات، جن میں احتساب، گورننس اور فنانسنگ کے حوالے سے اصلاحات شامل ہیں ، پر 76ویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے اجلاس میں جامع بحث کی جائے گی۔"زندگیوں کے تحفظ " اور "سب کے لیے صحت" جیسے معاملات پر پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے 21 مئی کو شروع ہونے والا اجلاس 30 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔