لندن(کے پی آئی) برطانوی پارلیمنٹ کے کنزرویٹو رکن پال برسٹو نے جنوبی ایشیائی خطے میں جاری تنازع کشمیر پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہائیوں پرانے تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے پر زور دیا ہے۔ایک ویڈیو پیغام میں پال برسٹو نے کہا کہ کشمیر 1947 سے متنازعہ علاقہ ہے۔سرینگر میں بھارتی حکومت کے زیر اہتمام جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے، کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا، "میرے خیال میں یہ برطانوی حکومت کے لیے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے مسائل کو اٹھانے کا بہترین وقت ہے۔ اس حوالے سے برطانوی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بارے میں برطانوی حکومت کے سامنے تحریری سوالات اٹھائے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ برطانوی حکومت ان سوالات کو بہت سنجیدگی سے لے گی۔پال برسٹو نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم جلد ہی دنیا کے قدیم ترین تنازعات میں سے ایک کو ختم کر سکتے ہیں اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت مل جائے گا۔