اسلام آباد (خبر نگار) یومِ تکریم شہداء پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے والہانہ محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ پاکستانی قوم شہداء کی قربانیوں کو نہ کبھی بھولی ہے اور نہ کبھی بھولے گی۔ شہداء کی قربانیوں کو نا صرف یاد رکھا جائے گا بلکہ ان کے تقدس اور حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ شیری رحمان نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع میں شہداء کی قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ عظمت شہداء کنونشن میں ہم شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ شہید کا احترام ہر شہری کا قومی اور اخلاقی فرض ہے۔صدر عارف علوی نے کہا پاکستان آرمی، رینجرز، ایئر فورس، نیوی، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں سمیت ہماری مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے اپنی بہادری اور قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اس پر قوم ان کی مقروض رہے گی۔