اسلام آباد؍ لاہور (نامہ نگار+ این این آئی) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے دو سے تین روز میں جہاز خام تیل لے کر عمان پہنچے گا جہاں سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے پاکستان لایا جائے گا۔ ملکی تیل کی ضروریات کا تقریباً 50 فیصد مقامی ریفائنریز فراہم کرتی ہیں، ملک میں فرنس آئل کی کھپت ختم ہورہی ہے، پاکستان نے نئی گرین فیلڈ آئل ریفائننگ پالیسی کی منظوری دے دی ہے، پاکستان میں اس نئی پالیسی سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ملک میں جدید ترین 4 لاکھ بیرل یومیہ آئل کی ریفائنری لگانا چاہتے ہیں۔ معاشی ترقی کے لیے انرجی سکیورٹی ضروری ہے، ان سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ دیں گے، نئی ریفائنریز خصوصی اقتصادی زون میں لگیں گی، آئل ریفائننگ میں سرمایہ کاروں کو فارن انویسٹمنٹ ایکٹ کے تحت تحفط فراہم کریں گے، اس کے علاوہ ایل پی جی ائیرمکس کی پالیسی لارہے ہیں، جہاں گیس نہیں وہاں نجی شعبے کے ذریعے ایل پی جی فراہم ہوسکے گی۔ پاکستان کی پٹرول اور ڈیزل کی سالانہ ضرورت 20 سے 21 ملین ٹن ہے، 2032 تک پٹرول اور ڈیزل کی سالانہ کھپت 33ملین ٹن تک پہنچ جائے گی۔ روس سے خام تیل کا جہاز 27-28 مئی کو عمان پہنچ رہا ہے، میرا نہیں خیال کہ آئی ایم ایف غریب کیلئے سستے پٹرول پیکج پر اعتراض کرے گا۔ دریں اثناء روس کی بندرگاہ سینٹ پیٹرز برگ سے پہلا روسی کارگو جہاز براہ راست آج کراچی پورٹ پہنچے گا۔ براہ راست سمندری سروس شروع ہونے سے روس سے کارگو صرف 18 دن میں پاکستان کی بندر گاہ پہنچ جائے گا۔ پہلے روس سے آنے والے جہاز کو ایک مہینہ لگتا تھا اب 18 دن میں پہنچے گا۔ دوسرا جہاز 29 مئی کو پاکستان کراچی پورٹ پہنچے گا۔ پاکستان روس کو 150 ملین کی ایکسپورٹ جبکہ 300 ملین کی امپورٹ کرتا ہے۔
روسی تیل 3روز میں عمان پہنچے گا، چھوٹے جہازوں کے ذریعہ پاکستان لایا جائے گا: مصدق ملک
May 25, 2023