اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں کی راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر دھاوا بولنے سے متعلق مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔ مبینہ آڈیو میں پی ٹی آئی کی سابق رکن پنجاب اسمبلی فرح آغا پارٹی کی خواتین ارکان کے ساتھ جی ایچ کیو پر دھاوا بولنے سے متعلق گفتگو کر رہی ہیں۔ فرح آغا پی ٹی آئی ویمن ونگ کی خواتین سے جی ایچ کیو کی طرف جانے کی بات کر رہی ہیں۔ مبینہ آڈیو میں سابق ایم پی اے فرح آغا پی ٹی آئی کی کارکن سبرینا سے کہہ رہی ہیں کہ اب جی ایچ کیو پہنچنا ہے، میں نکل آئی ہوں کیونکہ میم کنول (سابق ایم این اے کنول شوذب) نکلی ہوئی ہیں۔ میم کنول نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو کی طرف آنا ہے، جی ایچ کیو جانے کے لیے میم کنول نے کہا ہے، ہم نے جی ایچ کیو جانا ہے، فیض آباد آدمی جا رہے ہیں۔ فرح آغا نے کہا کہ انٹرنیٹ نہیں چل رہا، ساری سروسز بند ہیں۔ فرح آغا پی ٹی آئی ویمن ونگ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرخندہ سے بھی بات کر رہی ہیں، جس میں انہوںنے کہا کہ لیاقت باغ والی جگہ پر اتنی بری شیلنگ ہو رہی ہے، پولیس اور لڑکوں کی لڑائی ہو رہی ہے، صدر جانے کے سارے راستے بند ہیں، فیض آباد میں راشد حفیظ، شفیق اور سماویہ ہے، سماویہ ہیروئن بنی آگے آگے جا رہی ہے۔