وزیرستان میں آپریشن، 6دہشتگرد ہلاک: خودکش حملہ، 2جوان ، کانسٹیبل اور شہری شہید

اسلام آباد‘ پشاور (خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ آئی ایس پی آ ر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کوٹ اعظم میں خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گردمارے گئے۔ ان دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود برآمد ہوا۔ مارے جانے والے دہشت گرد عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ مقامی لوگوں نے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خودکش دھماکہ ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔ دھماکے میں دو فوجی جوان‘ ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری شہید ہو گئے۔ شہداء میں نائیک  سید اﷲ شاہ‘ سپاہی جواد خان شامل ہیں۔ خود کش بمبار ایک بڑے عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ دھماکے میں پولیس کانسٹیبل جان اور ایک شہری بھی شہید ہوئے ہیں۔  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشتگرد حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش دھماکے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوان کی شہادت پر دلی افسوس ہے۔ چیک پوسٹ پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے وطن کے قابل فخر بیٹوں نے جانیں قربان کیں۔ مجھے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی ہے۔ وزیر خارجہ نے خودکش دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی اور کہا کہ اپنی دھرتی کو وطن دشمنوں سے پاک کرنے کیلئے ہم پر عزم ہیں۔ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا عبرت ناک انجام ہوگا۔ خودکش حملہ آور کا ارادہ ایک عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا تھا لیکن سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی نے ایک بڑی تباہی کو روک دیا کیونکہ فوجیوں نے فوری طور پر خودکش حملہ آور کی گاڑی کو شک کی بنیاد پر روک لیا۔  خودکش حملے میں نائیک سید اللہ شاہ (عمر 33 سال، رہائشی چارسدہ)، سپاہی جواد خان (عمر 31 سال، ساکن ضلع ہری پور)، خیبرپختونخوا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پولیس کانسٹیبل حکیم جان (ضلع شمالی وزیرستان کا رہائشی) اور ایک معصوم شہری شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔سابق صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن