اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان کے بہادر سپوت، اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر پانے والے کمسن ترین پائلٹ افسر راشد منہاس شہید کو یومِ تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک مختصر دستاویزی فلم جاری کر دی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 20 اگست 1971 کے دن راشد منہاس کی قربانی سے ایک ناقابل فراموش داستان رقم ہوئی۔ اس دن پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے اپنے انسٹرکٹر پائلٹ فلائیٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جس نے ان کے T-33 تربیتی طیارے کو ہائی جیک کر کے بھارت لے جانے کی کوشش کی۔ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے جہاز کا کنٹرول واپس لینے کی بھرپور جدوجہد کی اور قبل ازیں کہ جہاز ملکی سرحد عبور کر جاتا اسے زمین بوس کرنے کو ترجیح دی۔