صائمہ ایوب گرفتار، خدیجہ شاہ جیل منتقل: جان کو خطرہ تحفظ دیں، مراد سعید کا چیف جسٹس کو خط

May 25, 2023

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ اسلام آباد ‘ پشاور (خبر نگار+ وقائع نگار+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا  ہے کہ میرا پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ فرخ حبیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اہم ہیں جو اپنے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، لوگوں نے عمران خان کو منتخب کیا، ووٹ دیا، لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ میری ہمدردیاں 70 سالہ شیریں مزاری کے ساتھ ہیں، اسلام آباد پولیس نے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب اور علی نواز کے گھر پر رات گئے چھاپہ مارا۔ حماد اظہر نے اپنے گھر پر پولیس چھاپے کی ویڈیو جاری کردی۔ حماد اظہر نے ٹوئٹر پر ویڈیو  جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کے گھر چوتھا چھاپہ ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میرے 82 سالہ والد کو وارننگ دی گئی کہ ان کی بیٹی کو بھی لے جاسکتے ہیں جس پر میرے والد نے جواب دیا کہ بیٹی اور بچوں کے بجائے وہ خود گرفتاری دے دیتے ہیں جب کہ یہ بیان دیتے ہوئے ان کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔ اسلام آباد  ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔ شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ اسلام آباد پولیس نے عدالت کو بتایا وفاقی دارالحکومت میں شاہ محمود قریشی کے خلاف دو مقدمات جبکہ ان کے خلاف چھ پرانے کیسز بھی ہیں۔ عدالت نے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کیا کہ عدالت کو آگاہ کریں کہ شاہ محمود قریشی کس مقدمہ میں گرفتار ہیں۔ شاہ محمود قریشی کی دوبارہ گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے تھری ایم پی او کے تحت احکامات پر گرفتار کیا گیا اور وہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ عدالت نے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ اسلام آباد پولیس نے اسد قیصر کے خلاف سات مقدمات کا ریکارڈ بھی ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔ تحریک انصاف رہنما مراد سعید نے جعلی مقدمات اور اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔ چیف جسٹس سے بنیادی آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت شہریوں کے بنیادی حقوق نے نہایت سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے۔ جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار معروف فیشن ڈیزائنر اور تحریک انصاف کی سپورٹر خدیجہ شاہ کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ 30 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ قبل ازیں وین میں موجود خدیجہ شاہ نے بتایا شدید گرمی ہے‘ سانس لینے میں مشکل ہو رہی ہے‘ مجھے دمہ کی بیماری ہے‘ میری طبیعت خراب ہو رہی ہے۔ انکی شوہر سے بھی ملاقات کرائی گئی۔ تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی صائمہ ایوب کو کینیڈا روانگی کے وقت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے جہاز سے آف لوڈ کیا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔  پشاور ہائیکورٹ نے سابق وزیر سمیت 5 پی ٹی آئی کارکنان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔ ہائیکورٹ میں سابق صوبائی وزیر انور زیب‘ سابق ایم پی اے اجمل خان سمیت پی ٹی آئی کے پانچ کارکنان کی تین ایم پی او کے تحت وارنٹ گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت  نے درخواست گزاروں کو تین دن کے اندر ڈسٹرکٹ انتظامیہ باجوڑ کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔  ہائیکورٹ نے درخواست گزاروں کو ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے ڈسٹرکٹ انتظامیہ باجوڑ کے سامنے پیش کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کیس کو دارالقضا منتقل کرنے کا حکم دیا۔ سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے ہراساں کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی۔ درخواست میں آئی جی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا  گیا ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پولیس کی جانب سے ناجائز ہراساں کیا جا رہا ہے، کسی بھی قسم کی  شرپسند کارروائی میں ملوث نہیں رہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکندر خان نے علی نواز‘ راجہ خرم نواز کی عبوری ضمانت میں 29 مئی تک توسیع کر دی۔ عدالت درج کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے۔ پی ٹی آئی رہنما علی افضل ساہی نے ہراساں کرنے سے روکنے اور مقدمات کی تفصیلات کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی ڈی ایم حکومت کے ایما پر درخواست گزار کو پولیس ہراساں کررہی ہے، عدالت نامعلوم کیسوں میں درخواست گزار کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے فواد چودھری کی مقدمات کی تفصیلات اور ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست پر  سی سی پی او لاہور سے 30 مئی کو رپورٹ طلب کرلی، وکیل ظفراقبال منگن نے موقف اپنایا کہ فواد چوہدری کیخلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد مقدمات درج کئے جانے کا خدشہ ہے، عدالت فواد چوہدری کو نامعلوم مقدمات میں ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ تحریک انصاف کے سٹی صدر خالد عزیز لون اور ان کے بیٹے مصطفے خان لون کی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد سی آئی اے پولیس نے انہیں پھر گرفتار کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ سے ضمانت منظوری کے بعد انہیں دوبارہ حراست میں لینا غیر قانونی اور ریاستی جبر ہے۔ خیبر پی کے میں 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں میں ملوث مزید 142 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزموں کی تعدا د 951 ہو گئی ہے۔ مردان ریجن میں 292 ‘ سوات ریجن میں 185 ‘ ہری پور ریجن میں 19 افراد دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں‘ پولیس حکام کے مطابق کوہاٹ ریجن میں 121 ‘ بنوں ریجن میں 44 افراد کو دہشتگردی کے مقدمات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں