اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے سابق رکن قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی نے ملاقات کی۔ پی پی میں شمولیت پر عثمان خان ترکئی کو خوش آمدید کہا۔ بلاول بھٹو زرداری سے اسمبلی عثمان خان ترکئی کے ساتھ شامل ہونے والے سیاسی عمائدین اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری کو عثمان ترکئی نے صوابی میں جلسے میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔پیپلز سیکرٹریٹ میں محمد علی بادشاہ، عثمان خان ترکئی، سر بلند خان ترکئی، نذیر دھوکی اور دیگر پی پی ورکرز کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عثمان ترکئی پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ عثمان ترکئی سمیت دیگر کارکنان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قیادت کی جانب سے شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، یہ تین مرتبہ قومی اسمبلی کے ممبر رہ چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی ایک خاندان کی طرح ہے، ان کو یہاں پر عزت و احترام ملے گا۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی رہنما اور اپنے دادا سردار حاکم علی زرداری مرحوم کی برسی پر پیغام میں کہا کہ سردار حاکم علی زرداری مرحوم کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی خدمات طویل و شاندار ہیں۔ وہ سیاست میں عوامی خدمت، رواداری اور جمہوریت میں یقین رکھتے تھے۔ انہیں جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہونے کی پاداش میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ عوام کو آج بھی یاد ہے، حاکم علی زرداری کے اکلوتے بیٹے پر ظلم کے پہاڑ توڑ کر ان پر دبائو ڈالا گیا، باعث فخر ہے۔ تمام تر مظالم کے باوجود آصف زرداری اور سردار حاکم علی زرداری اپنے اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے رہے۔