شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو قوم نہ معاف کریگی اور نہ ہی بھولے گی: آرمی چیف

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو نہ تو معاف کرے گی اور نہ ہی بھولے گی اور ایسے رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار انٹر سروسز پبلک یوم شہدائے پاکستان (یومِ تکریم شہدائے پاکستان) کے سلسلے میں پولیس لائنز کے دورے کے موقع پر شہداء کے اہل خانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آرمی چیف نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس کے افسران اور جوانوں کے ساتھ پولیس شہداء کے اہل خانہ سے خطاب کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ان شہداء کی قربانیوں کو کوئی چیز ضائع نہیں کر سکتی جنہیں اللہ تعالی نے ہمیشہ کی زندگی عطا کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں جو ملک کے وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔آرمی چیف نے کہا کہ میں شہداء کے ورثاء کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج پاکستان کے عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔پولیس لائنز پہنچنے پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ای پیپر دی نیشن