قرآن وسنت سے دوری ،57اسلامی ممالک رسوا ہورہے ہیں:عبدالعزیز عابد 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) آج دنیا میں 57 اسلامی ممالک ہیں مگر اس سب کے باوجود مسلمان دنیا بھر میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ اسرائیل کی افواج فلسطین میں بربریت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ قرآن وسنت سے دوری ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے دارالقرآن میں حفاظ القرآن کی دستاربندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا آج بھی اگر مسلمان قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا بھر کی ساری قوتیں اور طاقتیں ہماری زیرنگیں ہونگی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے گھروں میں قرآن عظیم کی تعلیم کو عام کریں جس طرح ہم اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم دلوانے کیلئے محنت کرتے ہیں اسی طرح ہم دینی تعلیم کو بھی اہمیت دیں۔ آج فلسطین کے ہر بچے قرآن حفظ ہے اور اسی کے نتیجے میں وہ اسرائیل کے مقابلے میں جہاد کررہے ہیں۔ ہم دنیا داری کے چکر میں نہ دین کے رہے نہ دنیا کے رہے۔ کتاب انقلاب کو تھام کر ہم ایک ایک گھر میں حفاظ بنانا شروع کر دیں اور قرآن کی تعلیم کو اپنے لئے باعث افتخار سمجھتے ہوئے اس پر توجہ دیں۔

ای پیپر دی نیشن