لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے الاحسان آئی ویلفیئر ہسپتال مغلپورہ کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر صدر ثناء اللہ خان و دیگر عہدیداران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے الاحسان آئی ویلفیئر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔خواجہ سلمان رفیق نے مختلف شعبہ جات میں امراض چشم میں مبتلا مریضوں کے علاج و معالجہ کا خود جائزہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا پنجاب میں سکول سکریننگ پروگرام کو کامیاب بنائیں گے۔ الاحسان آئی ویلفیئر ہسپتال میں امراض چشم میں مبتلا مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت پنجاب الاحسان آئی ویلفیئر ہسپتال کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر محکمہ صحت کی زیرصدارت محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا پانچواں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بطور کمیٹی ممبران شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال، عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران، کمشنرز اور آر پی اوز نے بریفنگ دی۔
پنجاب میں سکول سکریننگ پروگرام کامیاب بنائیں گے: خواجہ سلمان رفیق
May 25, 2024