راولپنڈی+ پشاور (محبوب صابر / جنرل رپورٹر+ بیورو رپورٹ) راولپنڈی ڈویژن میں کانگو وائرس سر اٹھانے لگا، دو مریض شکار ہونے پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک مریض کے ٹیسٹ این آئی ایچ بھجوا دیئے گئے۔ راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو ہسپتال میں کانگو وائرس کا شکار مریضوں کیلئے الگ سے وارڈ مختص کر دیا گیا اور حفاظتی اقدامات سخت کر دیئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق اٹک کے نواحی علاقوں میں کانگو وائرس پھیلنے کے خدشات ہیں کیونکہ ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ اور تحصیل جنڈ میں دو افراد کانگو وائرس کا شکار ہوئے ہیں، اور ایک مریض حضرو میں شکار ہوا۔ گزشتہ ہفتے ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ کا شاہ زیب کانگو وائرس کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔ دریں اثناء خیبر پی کے میں بھی کانگو وائرس کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔ وفاقی وزارت صحت نے محکمہ صحت خیبر پی کے کو بھی حفاظتی اقدامات اور ہسپتالوں میں آنے والے مشتبہ مریضوں کے اس حوالے سے فوری طور پر خون کے ٹیسٹ لینے، انہیں علیحدہ طور پر علاج کرانے، خصوصی وارڈز مختص کرنے وغیرہ کی ہدایت کی۔