اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید 0.34 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 21.31 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران دودھ، دہی،گوشت اور سگریٹ سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، اور آلو، انڈے،گوشت سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 21اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے میں لہسن کی قیمتوں میں7.87 فیصد، چکن 5.92 فیصد ، آٹا4.66 فیصد ،ایل پی جی 3.23 فیصد ،پیاز 1.99 فیصد ،انڈے 1.22 فیصد ، باسمتی ٹوٹا چاول1.12 فیصد ، دال مسور 0.65 فیصد اورآگ جلانے والے لکڑی کی قیمتوں میں0.04 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی طرح مٹن کی قیمتوں میں 0.25 فیصد ،بیف 0.49 فیصد ،انرجی سیور0.44 فیصد ، دال چنا0.42 فیصد ،خشک دودھ 0.37فیصد ،چائے 0.30 فیصد ،سگریٹ 0.13 فیصد ،تازہ کھلے دودھ کی قیمتوں میں0.06 فیصد ،دہی 0.11 فیصد اور گڑ کی قیمتوں میں 0.22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔