لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کابینہ نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ پر عمران خان نیازی اور دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیدی ہے۔ مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 8ویں اجلاس میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر احمد علی خان‘ بورڈ آف راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دو ٹیکنیکل ایکسپرٹس طاہر مسعود اور شیخ محمد محمودکی نامزدگی‘ پامکو اور ایرانی کمپنی ایم ایم آئی سی کے ساتھ سیٹلمنٹ، 12 رکنی کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کیلئے اسد اللہ کی چیف ایگزیکٹو افسر کی حیثیت سے تعیناتی‘ سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام‘ پنجاب انوائرنمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینچ انڈومنٹ فنڈ کمپنی کے قیام‘ پنجاب انوائرنمنٹ انڈوومنٹ فنڈ کے لئے کمپنیز ایکٹ2017کے تحت کمپنی‘ دوران ملازمت وفات پانے والے پی ایس پی پولیس افسران کے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لیے ڈاکڑ امجد اور پنجاب ایگریکلچر فود اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لیے ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے ملک کے سب سے بڑے ملتان روڈ انٹر چینج کا افتتاح کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تکمیل کے بعد رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک ماہ کے لئے ایس ایل تھری پر ٹول ٹیکس معاف کرنے کی ہدایت کی ہے، شہری مفت سفر کرسکیں گے۔ ایس ایل فور پراجیکٹ کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے اڈا پلاٹ سے ملتان روڈ انٹر چینج تک روڈ کا جائزہ لیا اور لاہور رنگ روڈ کے ملتان روڈ انٹر چینج کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرت نے وزیر اعلی مریم نواز کو پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ایل تھری ملتان روڈ انٹر چینج پنجاب کا سب سے بڑا انٹر چینج ہے۔ جنوب سے آنے والی ٹریفک 8 کلومیٹر طویل لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پر چند منٹ میں ائیر پورٹ پہنچ سکے گی۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایس ایل تھری بننے سے شہر کی اندرونی روڈ پر رش کم ہوگا۔ ایس ایل تھری لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہت اہم ہے۔ ٹھوکر اور کینال روڈ پر بھی ٹریفک رش کم ہوگا۔ دوسری جانب مریم نوازشریف سے رکن قومی اسمبلی شذرا منصب اور سابق ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے ملاقات کی جس میں ننکانہ صاحب اور گجرات کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ننکانہ صاحب اور گجرات کے پراجیکٹس پر گفتگوکی گئی اور وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو عوامی مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ رکن قومی اسمبلی شذرا منصب اورسابق ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے مہنگائی سے ریلیف کی کاوشوں پر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کا ہر سیکٹر میری ترجیح ہے۔ عوام کے مسائل کا حل ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ مسائل کا حل اور ترقی عوام کا حق ہے، کسی کا احسان نہیں۔ صوبے بھر میں 2500بنیادی مراکز صحت اور 300دیہی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کی جارہی ہے۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مسلسل اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ بنا کر شیخ مجیب الرحمن بننے کی کوشش کررہے ہیں، ان سے مل کر باہر آنے والے بھی اسی بیانیہ کا پرچار کرتے ہیں، جس پر کابینہ نے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، اگر ہم میں سے کوئی نہیں ہوگا تو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہوم ڈیپارٹمنٹ اس ضمن میں جلد اقدامات کرے گا۔ اڈیالہ جیل سے زہریلی مہم چلائی جارہی ہے جسے پروپیگنڈا کے تحت پورے ملک میں پھیلایا جارہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی فضول الزام لگاتے ہیں کہ انہیں زہر دیا جارہا ہے، وہ ذہنی بیماری کا شکار ہیں جس کا تماشا پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ مسئلہ یہ نہیں کہ اڈیالہ جیل میں ان سے ملنے کون جارہا ہے، مسئلہ یہ ہے کہ وہاں سے باہر کیا آرہا ہے، اگر کوئی جماعت دہشت گردی ونگ کے طور پر اشتعال انگیزی پھیلانے میں ملوث ہوئی تو اسے قانون کے مطابق دیکھا جائے گا۔ عظمیٰ بخاری نے پنجاب ہتک عزت بل کے حوالے سے کہا کہ گورنر پنجاب کا بیان سنا، انہوں نے پڑھے بغیر ہی اسے واپس بھیجنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی قیمت سو روپے کلو کم ہوئی ہے، گیس سلنڈر 35 سو روپے سے 25 سو روپے پر آگیا، آٹا، گھی، ٹرانسپورٹ سب سستے ہوئے ہیں، ٹیکس فری آئی ٹی زون کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ہوم ڈیپارٹمنٹ نے انکوائری پیش کی ہے جس میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی والوں کی جانب سے جیل کے اندر اور باہر سے شر انگیزی پھیلائی جاتی ہے۔ گورنر پنجاب کو چاہیے پہلے ہتک عزت قانون پڑھیں پھر تبصرہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پروپیگنڈہ ہے کہ عمران خان کو کسی سے ملنے نہیں دیا جاتا یا شیشہ لگایا جاتا ہے، منظم پروپیگنڈا کے تحت سوشل میڈیا پر نفرت پھیلائی جاتی ہے۔ عمران خان کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتا ہے، کبھی اپنی پارٹی کے لوگوں سے آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر احتجاج کرواتا ہے کہ پاکستان کو قرضہ نہیں دینا۔ کبھی ڈیلی ٹیلی گراف میں زہریلا کالم چھپتا جس میں کہا گیا کہ مجھے مار دیا جائے گا یا زہر دیدیا جائے گا اور میری بیوی کو قتل کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو ہارپک کے قطروں کا رنگ بھی پتہ ہوتا ہے، اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا اس جماعت کا وطیرہ ہے۔ وہ لندن پلان کی بات کرتے ہیں پہلے اس پلان کا بتائیں جو اس نے طاہر القادری کے ساتھ مل کر بنایا تھا۔ نئے انقلابی بالکل نہیں سوچ رہے کہ پاکستان ٹریک پر آ رہا ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، مہنگائی کا جن قابو میں آ رہا ہے اور عوام کا بھلا ہو رہا ہے۔ پنجاب میں چاول سو روپے فی کلو کم ہوا، گیس سلنڈر پینتیس سو روپے کے بجائے پچیس سو روپے میں مل رہا ہے، آٹا اور گھی سستا ہوا، ٹرانسپورٹ کے کرائے کم ہوئے، سیمنٹ و سریا کی قیمتیں کم ہوئیں جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بھی مستحکم ہوا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ٹیکس فری آئی ٹی زون کا افتتاح کردیا ہے جس کی جعلی سوشل میڈیا سے تشہیر کی ضرورت نہیں ہے۔ بے نظیر شہید ہوئی تو پیپلزپارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، ن لیگ کی تین بار حکومت ہٹائی گئی، بیٹے سے تنخواہ لینے پر وزیر اعظم نواز شریف کو ہٹایا گیا، لیکن اب ایک پارٹی دہشت گردی بن کر دہشت گردی کررہی ہے تو اس کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ ہم بانی پی ٹی آئی کااے سی نہیں اتاریں گے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے بار بار لوگوں کو اکسانے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے قانون نافذ کرنے اداروں کو دیکھنا پڑے گا۔ انکا کہنا تھا کہ اگر کسی کو بانی پی ٹی آئی خواب میں نظر آئیں اور وہ ملنے کی خواہش کرے تو اس پر ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی ہمیشہ صحافیوں کے حوالے سے بات کرتی ہے۔ اگر کسی پروفیشنل صحافی کو لوگوں کی تضحیک کر کے ڈالر نہیں کمانے تو اس کیلئے ہتک عزت کا قانون نہیں ہے۔