ہر محاذ پر چین : عالمی براردی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کرائے : شہباز شریف

May 25, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری رفح میں اسرائیلی آپریشن روکنے کے فیصلے پر فوری عمل کرائے۔ رفح میں آپریشن روکنے سے دنیا میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔ مظلوم انسانیت کے لئے پٹیشن دائر کرنے پر جنوبی افریقہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمشن کو غزہ اور رفح میں رسائی دی جائے۔ فیصلہ مظلوم انسانوں کی فتح ہے اس پر عملدرآمد کرایا جائے۔ راستے کھولنے، غذائی اور طبی امداد کی فوری فراہمی کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے۔ پاکستان فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان کے قومی جانور مارخور کے دن پر پیغام میں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم فخر سے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا پہلا عالمی دن منا رہے ہیں، مار خور کو ایک عظیم الشان جانور تصور کیا جاتا ہے جو کہ ہمارے بھرپور قدرتی ورثے کی علامت ہے۔ ادھر وفاقی حکومت نے ملک بھر کے طلبہ کے لیے آن لائن تعلیمی پورٹل بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ شہبازشریف نے آن لائن تعلیمی پورٹل تیار کرنے کے لیے وزارت (آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام) کو ہدایت جاری کر دی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے تیار کیا جانے والا مجوزہ پورٹل طلبہ کو تعلیمی وسائل، ورچوئل لرننگ ماحول تک رسائی فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ شہباز شریف نے آئرلینڈ کی حکومت کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے  کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ  یہ فیصلہ معصوم فلسطینیوں کے لیے امید اور یکجہتی کا پیغام دے گا۔ شہباز شریف اور جمہوریہ آئر لینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان   ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیر اعظم نے آئرلینڈ کے وزیراعظم کو  عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے آئرلینڈ کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے پر آئرش حکومت کے فیصلے کو سراہا ۔  وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن لانے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی عالمی برادری کی طرف سے اسی طرح کی توجہ ملے گی کیونکہ وہ بھی گزشتہ سات دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کو برداشت کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے اصولی فیصلہ کیا ہے کیونکہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جا سکتا۔ آئرلینڈ کی حکومت نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ حالات کو معمول پر لانے کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں اپنا ریزیڈینٹ مشن کھولنے کے آئرلینڈ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نیا مشن ڈبلن میں پاکستان کے مشن کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم سائمن ہیرس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی  دعوت بھی دی۔ شہباز شریف سے پاکستان میں چینی کمپنیوں کے  کے وفد نے  ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ان سے گفتگو   میں  کہا کہ چین اور پاکستان کے دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ چین پاکستان کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔  چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے۔ پاکستان ہر محاذ پر چین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کے حوالے سے تمام ممکنہ  اقدامات  لینے  جا رہے ہیں۔  اس حوالے سے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو سپیشل اکنامک زونز میں بی ٹو بی ٹرانزیکشنز کے تحت صنعتیں لگانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے وزیراعظم کی چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں اپنی صنعتیں قائم کرنے کی دعوت بھی دی۔ چین نے جس طرح 700 ملین افراد کو غربت سے نکالا وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ برآمدات بڑھانے کے حوالے سے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ چین پاکستان کی برآمدات کو چین اور خطے کے دوسرے ملکوں تک پہنچانے میں اپنے تجربات کی روشنی میں پاکستان کی مدد کرے۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، زراعت کے شعبے میں جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات  کر  رہی ہے۔ وزیراعظم نے  چینی کمپنیوں کے تمام تر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان چین جے سی سی کے حوالے سی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے  بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے مین لائین 1 کی آپ گریڈیشن، قرقراقرم ہائی وے کی ری الائنمینٹ، خصوصی اقتصادی زونز کا قیام، گوادر بندرگاہ اور ایگری کلچر ڈیمانسٹریشن زونز سی پیک کے ترجیحی منصوبے ہوں گے۔مظلوم انسانیت کے حق میں فیصلہ دینے والے تیرہ ججوں اور پٹیشن دائر کرنے پر جنوبی افریقہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ پاکستان نے جنوبی افریقہ کی پٹیشن کی حمایت کی تھی‘ آئندہ بھی تمام فلسطینیوں کا کیس لڑتے رہیں گے۔ فیصلہ مظلوم انسانوں کی فتح ہے۔ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں