اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کو ہر قسم کے حالات میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کا یقین دلایا ہے اور پاکستان میں متعدد شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ترجمان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر گزشتہ روز یو اے ای کا سرکاری دورہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون اور سٹرٹیجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں رہنمائوں نے توانائی، پورٹ آپریشن پروجیکٹس، گندے پانی کی صفائی، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون کے معاہدوں کے بامعنی نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا جن پر نومبر 2023 میں دستخط کئے گئے تھے۔
امارات کے صدر نے ہر قسم کے حالات میں حمایت کا یقین دلایا : پاکستان
May 25, 2024