ملک و قوم کیساتھ کسی کو کھلواڑ کی اجازت نہیں دینگے: مرکزی مسلم لیگ

لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام تنظیمی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی مسلم لیگ لاہور کے صدر انجینئر عادل خلیق نے تنظیمی اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہم نے لازوال قربانیوں سے حاصل کیا ہے۔ ملک و قوم کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ جس طرح گزشتہ سال 28 مئی کو لاہور سے پوری دنیا کو تکبیر کانفرنس کے ذریعے ایک پیغام دیا تھا۔ امسال بھی مال روڈ پر تاریخی یوم تکبیر کارواں کا انعقاد کرکے قوم کو متحد اور مستحکم ہونے کا پیغام دینگے۔ مرکزی مسلم لیگ کے تنظیمی اجلاس میں قومی و صوبائی حلقوں کے سابقہ امیدواران، پی پی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ تنظیمی اجلاس سے خالد نیک گجر، انجینئر حارث ڈار اور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے خصوصی خطاب کیا۔ خالد نیک گجر نے اجلاس میں موجود شرکاء سے کہا کہ ملک میں خلفشار کے باوجود اس ملک کو ایٹمی قوت بنانیوالے تمام لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 28 مئی لاہور کا سب سے بڑا کارواں نکالیں گے۔ حارث ڈار نے کہا کہ ملک سے مایوسی کا خاتمہ کرکے امید کی کرن پیدا کرنی ہے۔ ریاست اور قوم میں موجود تعلق ختم ہونے کی وجہ سے دشمن  فائدہ اٹھا رہا ہے۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ہم 28 مئی کو لاہور سے ایک نئے سفر کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کی سیاست کا مقصد معاشرے میں موجود خرابیوں کو ختم کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن