ۢاسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت اور ایس آئی ایف سی ہماری لائف لائن اور ریڈ لائن ہیں، سیاسی شعبدہ باز محاذ آرائی میں آگے نکل چکے ہیں، ان سے پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام ہضم نہیں ہو رہا، غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، انشاء اللہ ملک میں سرمایہ کاری آتی رہے گی، جو غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ہم ان کے ضامن بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، پاکستان کی موجودہ قیادت پر یو اے ای نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ڈلیور کرنا جانتے ہیں، دنیا ہمارے اقدامات کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے 10 ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے، ہمارے مخالفین کو حکومت کے کامیاب دوروں اور سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہی۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف اور ایس آئی ایف سی کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اقدامات کی بدولت آج سرمایہ کاری اور غیر ملکی وفود پاکستان آ رہے ہیں اور جی ٹو جی اور بی ٹو بی ڈسکشنز ہو رہی ہیں۔ جنہوں نے آئی ایم ایف کو لیٹر لکھا، جی ایس پی پلس سٹیٹس کے خلاف مہم شروع کی اور ملک میں تباہی و بربادی برپا کرنے کی کوشش کی آج وہ ایس آئی ایف سی پر حملہ آور ہیں۔ انہوں نے ایس آئی ایف سی کے خلاف منظم مہم چلائی کیونکہ انہیں نظر آ رہا ہے کہ ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے 10 ارب ڈالر کی خطیر رقم مختص کرنے کا اعلان کیا تو اسی روز یہ ایس آئی ایف سی پر حملہ آور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی معیشت کو ڈبونے والوں کی حرکات و سکنات دیکھ رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے، تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وفاقی حکومت کے بجٹ سے پہلے صوبائی حکومتیں اپنے بجٹ دیں، اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ وفاقی حکومت نے باقاعدہ بجٹ تخمینے دینے ہوتے ہیں لیکن خیبر پختونخوا کی حکومت پہلے بجٹ پیش کر کے عوام کو بے وقوف بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جس 14 فیصد کا تخمینہ خود لگا رہے ہیں اس کا تعین وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید انہیں سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے سپیلنگ بھی نہ آتے ہوں اور یہ وفاق کے بجٹ تخمینہ کا تعین خود کرنے جا رہے ہیں۔ یہ لوگ سیاسی نعرے بازی اور شعبدہ بازی کیلئے ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں جن کا آئین اور قانون سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف لوگوں کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ اس ماحول کو خراب کرنا چاہتا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ اس ملک کے اندر تباہی و بربادی پھیلے۔ ہم نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کے اندر سیاحت کو فروغ دینے کی بات کی، ہم بیرون ملک جاتے ہیں تو ہم سرمایہ کاری کی بات کرتے ہیں، ہم چاروں صوبوں کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ دن رات کام کر رہے ہیں، ان کی طرح ٹریک سوٹ پہن کر ٹی وی پر بیان نہیں داغتے۔ ایک سیاسی جماعت غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ محاذ آرائی سے صرف اپنا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاق تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات طے ہوں اور ہر صوبے کو اس کا شیئر ملے۔ وفاق نے کبھی کسی صوبے کے ساتھ ایسا رویہ نہیں رکھا جس سے کسی تعصب کا تاثر جاتا ہو۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعصب پیدا کرنا چاہتے ہیں، اس میں انہیں کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وفد سے ملاقاتوں کے حوالے سے تیاری سے متعلق خود اجلاس منعقد کئے، یکم مئی کو چھٹی کے دن بھی وزیراعظم نے میٹنگ طلب کی اور سعودی وفد سے ملاقاتوں کے حوالے سے تیاری کے بارے میں بریفنگ لی۔ سعودی وفد جب پاکستان کے دورہ پر آیا تو انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی تیاری سے بہت متاثر ہوئے ہیں جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
سیاسی محاذ آرائی کے خواہشمندوں سے بات ہوسکتی : وزیراطلاعات
May 25, 2024