لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے ڈرگ ڈسٹریبیوٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پنجاب کے ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز نے محکمہ صحت کے وضع کردہ ادویات سپلائی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام سے متعلق اپنے مطالبات و خدشات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر میں جان بچانے والی ادویات کی قلت کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ادویات کی قلت میں ملوث کالی بھیڑوں کا سخت محاسبہ کیا جائے گا۔ ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا وہ ادویات کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کرنیوالے عناصر کو بے نقاب کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے ادویات کی سپلائی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے ڈسٹری بیوٹرز انوینٹری مینجمنٹ سسٹم وضع کیا ہے جس سے ادویات کی سپلائی کا عمل شفاف ہوگا اور بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی۔ شہریوں کی ادویات تک بلاتعطل رسائی انکا بنیادی حق ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈرگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کہ کہ تمام مطالبات و مسائل کے حل کیلئے ایک ٹیکنیکل ٹیکنکل کمیٹی تشکیل دی جائے جن میں ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز کے نمائندے شامل ہوں۔ میڈیسن فارما اور ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز کو ناجائز تنگ کرنیوالوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا جائے گا۔ ملک میں ادویات کی مینوفیکچرنگ کیلئے مقامی فارما انڈسٹری کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔