دن بھر شدید گرمی‘ بجلی کی بار بار بندش‘ رات کو بواندا باندی‘ موسم خوشگوار

لاہور+ شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت) ملک کے بیشتر حصوں میں دن بھر شدید گرمی رہی جبکہ رات کو کئی شہروں میں بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق موہنجو داڑو‘ دادو 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ دونوں گرم ترین شہر رہے۔ سکھر نواب شاہ اور سبی میں درجہ حرارت 48 رہا۔ ڈیرہ غازیخان 47‘ سرگودھا‘ بہاولپور‘ ڈیرہ اسماعیل خان 46 ‘ فیصل آباد‘ ملتان‘ ساہیوال میں 45 ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاہور میں 39 ڈگری کی گرمی 45‘ کراچی میں 36 کی 41 ‘ اسلام آباد میں 38 کی 41 اور پشاور میں 38 ڈگری کی گرمی 40 ڈگری محسوس کی گئی۔ جبکہ رات کو اسلام آباد میں بارش اور دیگر کئی شہروں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور بھی کم ہوا۔ دن بھر  بجلی کی بار بار بندش بھی شہریوں کیلئے وبال جان بنی رہی۔ دوپہر کے وقت میں سڑکیں سنسان رہیں اور ہو کا عالم رہا۔ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے کاروبار بھی ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ پانی کے مسائل بھی در پیش رہے۔ دریں اثناء شیخوپورہ کے نواحی قصبہ کھاریانوالہ کے قریب جیوٹ مل کا مزدور مجتبیٰ حسین گرمی برداشت نہ کرتے ہوئے دم توڑ گیا۔ 60 سالہ مجتبیٰ حسین محلہ ہنجرانوالہ کا رہائشی تھا۔

ای پیپر دی نیشن