پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اپنا حق لینا ہم جانتے ہیں، 15 دن بعد بتائوں گا صوبہ کس کا ہے؟ بٹن کس کا ہے؟ اور بجلی کس کی ہے؟۔ میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اصلاحات کر رہے ہیں، معیشت کو خود بہتر بنائیں گے، یہ ہمیں نہیں بلا رہے، ایس آئی ایف سی میں ہم ان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ذمے داروں کو عوام مسترد کر دیں، ہم ان کے پابند یا غلام نہیں ہیں، ان کے رویے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑ رہا، اپنے صوبے کے شیئر پر ہم بالکل سمجھوتہ نہیں کریں گے، اگر انہیں لگتا ہے کہ ہمارے پاس ڈائریکٹ انویسٹر نہیں آئے گا تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ہم ان سے زیادہ انویسٹرز لا سکتے ہیں، اگر انہیں ہماری ضرورت نہیں تو ہمیں بھی ضرورت نہیں، ہماری تیاری مکمل ہے، اسی لیے وفاق سے پہلے بجٹ پیش کردیا۔ خیبرپی کے بجٹ 2024-25 سے متعلق انہوں نے کہا کہ بجٹ عوام دوست ہے، ہم میں اتنی اہلیت ہے کہ اپنے وسائل بروئے کار لا سکتے ہیں۔
اپنے حصہ سمجھوتہ نہیں کریں گے : حق لینا جانتے ہیں 15دن بعد بتائوں گا صوبہ کس کا بجلی کس کی ؟ علی امین گنڈاپور
May 25, 2024