جھوٹے مقدمات درج کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کاحکم  

لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنزلاہورمحمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ جرائم میں کمی جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی سے ہی ممکن ہے۔ جرائم کا خاتمہ اور امن امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔موٹر سائیکل وکار سنیچنگ کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات عمل میں لائے جائیں۔موٹر سائیکل و کار چوری کے تدارک کیلئے ڈیکائے آپریشنز کریں۔ون فائیو کالز پر ریسپانس ٹائم مزید بہتر بنائیں۔ ایس ایچ اوز سمیت ایس ڈی پی اوز اور ایس پیز جائے وقوعہ وزٹ کریں۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال ٹائون ڈویژن کیساتھ انسداد جرائم میٹنگ کے دوران کیا۔انہوںنے کہا کہ تخفیف جرم، جھوٹے مقدمات کا اندراج کرنیوالوں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔کرپشن،اختیارات سے تجاوز کرنے کی کوئی معافی نہیں ہو گی۔ قبضہ مافیااوربدمعاشی کلچر کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے۔ شہر لاہور میں ڈالا کلچرواسلحہ کی نمائش کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔غنڈہ عناصر کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔اشتہاری وعادی و مجرمان کی گرفتاریوں کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں۔ ایس ایچ اوز کومنشیات فروشی،پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت کی۔منشیات فروشوں اور جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ سڑکوں،اوورہیڈ بریجوں کو نشے کے عادی افراد نظر نہیں آنے چاہیے۔  

ای پیپر دی نیشن