لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے تمام چیزیں سیٹ ہیں، میڈیا پر تو 10 لوگ ہر طرح کی مختلف بات کرتے ہیں۔انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ مجھے اور ہر پلیئر کو اپنے اپنے رولز کا پتہ ہے کہ اس کا کیا نمبر ہے۔ ہماری ٹیم کی سٹرینتھ تگڑی ہے کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں، بطور ٹیم ہمارا مائنڈ سیٹ بن چکا ہے کہ ہمیں اٹیکنگ کرکٹ ہی کھیلنی ہے۔ اگر اس مائنڈ سیٹ سے ہی گئے تو چانسز ہیں، اگر فارم لگی ہوتی ہے تو کوشش ہوتی ہے کہ اس کو لمبا لے کر جاؤں،میرا رول تیز کھیلنا ہے، 10 رنز کروں یا 50 کروں، ٹیم کے کام آنا چاہئیں۔ ہمارا مائنڈ سیٹ یہی ہے کہ پہلے بیٹنگ کریں تو 200 سے زائد رنز ہی کریں،ورلڈ کپ میں اس مائنڈ سیٹ کیساتھ جانا ہے، آپ کو نظر آئیگا کہ ہم کس سوچ کیساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔ لوگ کیا کہتے ہیں وہ بات الگ ہے، آئرلینڈ سے پہلے میچ کی شکست کے بعد ہم نے میٹنگ کی اور مائنڈ سیٹ بنایا، انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بی یا سی ٹیم نہیں ہوتی، کسی ٹیم کو سی ٹیم کہنا اس کی توہین ہوتی ہے۔