اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت کمپٹیشن کمِشن آف پاکستان (سی سی پی) کو دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ میں مصروف ہائوسنگ سکیموں کے خلاف جاری تحقیقتات کے سلسلے میں تعاون فراہم کرے گی۔ اس بات کا فیصلہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے کی۔ اجلاس میں سی سی پی ممبر آفس آف فیئر ٹریڈ سعید احمد نواز، سیکرٹری ایل جی اینڈ سی ڈی شکیل احمد میاں، ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق اور ایل جی اینڈ سی ڈی اور سی سی پی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ ممبر سی سی پی نے شرکا کو بتایا کہ سی سی پی ان ہاؤسنگ سکیموں کی چھان بین کر رہا ہے جو صارفین کو گمراہ کر کے کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ہاؤسنگ اسکیموں کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کی جائیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ،سیکرٹری ایل جی اینڈ سی ڈی اور ڈی جی ایل ڈی اے نے عوامی سماعت کے لیے ضروری مدد اور مقام فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پروفارما نمبر 1 اور پروفارما نمبر 2 جن میں زیر تفتیش ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں بنیادی اور تفصیلی معلومات طلب کی گئی ہیں، فراہم کر دی جائیں گی۔
پنجاب حکومت دھوکے پر مبنی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف تحقیقات میں مدد کرے گی
May 25, 2024