شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی،نمائندہ نوائے وقت) شہباز شریف مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال شیخوپورہ میں مریض اورلواحقین شدید گرمی اور حبس کے باعث ہسپتال چھوڑ کر گھروں کو چلے گئے بعض مریض خواتین نڈھال ہو کر بیہوش بھی ہوگئیں۔ ہسپتال کی چار گھنٹے سے زائد لائٹ بند رہنے سے اے سی اور پنکھے بند ہوگئے جس سے حبس پیدا ہوگئی‘ مریضوں کے لواحقین کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے جنریٹر بھی نہ چلائے ۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے ٹراما سینٹرمیں بھی بجلی کی طویل بندش کے باعث مریضوں اور انکے لواحقین نڈھال ہو گئے ۔ مریضوں‘ انکے لواحقین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز، سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں جنریٹر نہ چلانے کے واقع کی فوری انکوائری کروائی جائے اور غفلت کی مرتکب انتظامیہ کیخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔