لاہور (این این آئی) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 243روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 84ہزار 61ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں5ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، مجموعی طور پر 444 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے150کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11کمرشل، 3زرعی اور 430 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 2لاکھ 88ہزار 4سو 24یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 90لاکھ 76 ہزار 19 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ کھڈیاں کے علاقے میں کنکشن کو 2لاکھ 15ہزار روپے، ملت پارک کے علاقے میں کنکشن کو 2لاکھ روپے، گڑھی شاہو کے علاقے میں ایک ملزم کو 1لاکھ 50ہزار روپے اور مصطفی آباد میں ملزم کو 1لاکھ 48ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔