بی آئی ایس پی سیاسی وابستگی سے بالاتر مستحق افراد کی مدد کررہا ، روبینہ خالد 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام غریب و مستحق افراد کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔ یہ رقم غریب لوگوں کا حق ہے۔ مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہارچیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن محترمہ روبینہ خالد نے  آج  صوابی میں  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی مراکز  کے دورے کے دوران کیا۔ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کے صوابی دورے کا مقصد مستحق خواتین میں ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل اور سہ ماہی بینظیر کفالت وظیفہ حاصل کرنے والوں  کو فراہم کردہ ضروری انتظامات اور سہولیات کا  جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران،محترمہ روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین سے براہ راست بات چیت کی، ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے  ضرورت مند خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  وہ صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری نمبر 8171 سے پیغام موصول ہونے پر ادائیگی مرکز پرتشریف لائیں۔محترمہ روبینہ خالد نے واضح اعلان کیا کہ کفالت کی اس قسط میں وصول کی جانے والی کل رقم  10500روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ پوری رقم گن کر وصول کریں اور بینک کی رسید طلب کریں۔ کسی بھی کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت درج کرائیں ۔عملے کو ہدایت دیتے ہوئے محترمہ روبینہ خالد نے کہا کہ بزرگ اور بالخصوص ایسی خواتین جن کے بچے چھوٹے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر رقوم کی ادائیگی کی جائے۔  انہوں نے مزید کہا  کہ وہ  ٹوکن جاری کرتے وقت مستحق خواتین کو ان کی رقم سے بھی آگاہ کریں۔ بعد ازاں، محترمہ روبینہ خالد نے صوابی میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کا دورہ بھی کیا۔

ای پیپر دی نیشن