لاہور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کا آغاز آج منصورہ میں ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس دو روز تک جاری رہے گا۔ قیصر شریف نے کہا کہ اجلاس میں ملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز پر غور کیا جائے گا اور عوامی حقوق کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کے لائحہ عمل پر مشاورت ہو گی۔