سینئر لیگی رہنما اور وفاقی وزیرامیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ شیخ چلی کے مفروضے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ صوبائی حکومت عوام کے مینڈیٹ کے توہین کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں وفاقی وزیرامیر مقام کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ شیخ چلی کے مفروضوں کے مترادف ہے، کبھی اسلام آباد پر چڑھائی کی بات کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ڈیم بند کردیں گے،واپڈا ہاؤس پر قبضہ کرلیں گے، ڈیم اور گرڈ اسٹیشن کسی کی ملکیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز ہتھکنڈوں سےکب تک عوام کوبےوقوف بنائیں گے؟ اگر عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا ہے تو سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، اپنی سیاست کیلئے صوبے سے مذاق کیا جارہا ہے۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے سے کوئی چیز حاصل نہیں ہوگی، کے پی میں آپ کو تیسری بار مینڈیٹ ملا ہے، پی ٹی آئی کی کے پی میں 10سال حکومت رہی،کتنی سرمایہ کاری لیکر آئے؟،9 مئی کا نقصان پورے پاکستان کو ہوا ہے،کے پی کو تو پتہ ہی نہیں ہے اسے وفاق سے کتنا حصہ ملے گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی ایک کا نہیں سب کا ہے،ماضی میں دھرنوں کے دوران یوٹیلٹی بلز کو جلایاگیا، ہم ملک کو آگے لیجانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وکلا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،بنچ اور بار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،پوری ن لیگ کی سوچ ہے کہ وکلا کو ان کا اپنا مقام دینا ہے