لندن (اےن اےن آئی) مغربی لندن کے علاقے وکنگھم سے تعلق رکھنے والی دوشیزہ سمیعہ کریم نے حجاب پہن کر برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ برطانوی اخبارکے مطابق سولہ برس کی سمیعہ برطانوی پارلیمانی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے حجاب پہن کر پارلیمنٹ کے ڈسپیچ باکس سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ برطانوی یوتھ پارلیمنٹ کی رکن سمیعہ کریم بیالوجی، کیمسٹری، میتھ اور تاریخ کی طالبہ ہیں۔ یوتھ پارلیمنٹ نے اس سال اپنا سالانہ اجلاس ایوان زیریں کے چیمبر میں منعقد کیا۔ اسی چیمبر میں برطانیہ کے منتخب ارکان پارلیمنٹ اجلاس منعقد کرتے ہیں۔ سمیعہ کریم نے بتایا کہ حجاب پہننا ان کی اپنی چوائس ہے۔ یاد رہے کہ سمعیہ نے جس ڈسپیچ باکس سے خطاب کیا، اسی مقام سے برطانوی وزرا اور حزب اختلاف کے شیڈو وزیر ہاس آف کامنز سے خطاب کرتے ہیں۔ برطانیہ میں جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والی یوتھ پارلیمنٹ گیارہ سے اٹھارہ برس کے نوجوانوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ یہ منتخب نوجوان نوجوانوں کے خیالات فیصلہ ساز اداروں تک پہنچانے میں مدد کرتے ہیں۔
سمیعہ کریم نے حجاب پہن کر برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کرکے نئی تاریخ رقم کر دی
Nov 25, 2012