زرداری نواز کی ”سمجھوتہ ایکسپریس“ روکیں گے، ملک دشمن کلین بولڈ ہونگے: عمران

Nov 25, 2012


فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لئے جلد تنظیم سازی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ صدر زرداری اور نواز شریف بھائی ہیں اور دونوں سمجھوتہ ایکسپریس میں بیٹھے ہیں اور ہم اس سمجھوتہ ایکسپریس کو روک کر ٹرینیں چلا کر دکھائیں گے ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہم مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف فیصل آباد کے سٹی صدر لطیف نذر اور نائب صدر شہزاد یونس شیخ سے ملاقات کے دوران کیا۔ عمران خان نے کہا کہ آئندہ الیکشن کے موقع پر ملک دشمن پارٹیوں کو کلین بولڈ کر دیا جائے گا ۔ تحریک انصاف ایک عوامی ادارہ بنے گی خاندانی کمپنی نہیں پہلے مقابلہ کھلاڑیوں سے تھا اب ان سیاسی مگر مچھوں سے ہے جو سارے مل کر سپریم کورٹ پر حملہ کرتے ہیں ۔ میاں صاحب اور کتنی باریاں لیں گے مہران بنک کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے اور پتہ چلنا چاہیے کہ ایمپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلنے والے کون ہیں وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لئے صدر کو تحفظ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہو گی جس کے ممبر اپنی قیادت کو خود چنیں گے۔علاوہ ازیں یوم عاشورہ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ باطل کے خلاف حق اور سچائی کے علمبردار اور ہمت کی علامت ہیں۔ اسلام کی حقیقی اقدار کا تحفظ ان لازوال قربانیوں کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے اور ہم نواسہ رسول کو سلام عقیدت کے پھول پیش کرتے ہیں جو اسلام کے حقیقی نجات دہندہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے یزید کی بیعت سے انکار کر کے دین اسلام کا سربلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے ملک میں جہاں برداشت کا فقدان ہے ، انسانی جان کی کوئی وقعت نہیں ہے۔عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس صورتحال کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا۔

مزیدخبریں