سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) سانگلہ ہل یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، تعزیئے کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے نکالا جائیگا، جلوس حمید نظامی روڈ، مین بازار اور کمیٹی بازار سے گذرتا ہوا مغل چوک میں اختتام پذیر ہو گا، تعزیہ کے جلوس، عزاداروں کی مجالس، امام بارگاہوں اور مساجد کے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری اور قومی رضاروں کی کثیر تعداد تعینات کی گئی، جلوس کے روٹ میں چھتوں پر چڑھنے کی پابندی ہو گی، ٹی ایم اے نے بھی اپنے انتظامات مکمل کر لئے، لائٹ انسپکٹر محمد ذیشان اور معاون محمد اکرم سنبہ نے جلوسوں کے راستوں پر لائٹیں نصب کر دیں، ڈی ایس پی مہر محمد شعیب نے تمام مکاتب فکر کے افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد لوگوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی شخص امن و امان کے اقدامات میں رخنہ اندازی نہ کر سکے، اہل تشیع بھائیوں کو تلقین کی کہ وہ حفاظت خود اختیاری کے تحت ہر آنے جانے والے کی خود بھی مکمل چیکنگ کریں، بازاروں میں لگنے والی سبیلوں میں بھی آنے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھیں، دریں اثناءنماز ظہر کے بعد مرکزی جامعہ مسجد رضوی میں شہادت امام حسین کانفرنس ہو گی، جس میں علماءکرام میدان کربلا میں اہل بیت کی عظیم قربانیوں اور شہادتوں پر روشنی ڈالیں گے۔