کھلنا (اے پی پی) ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، میزبان ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا لئے اور اسے حریف ٹیم کی برتری ختم کرنے کےلئے مزید 35 رنز درکار ہیں۔ 82 کے مجموعی سکور پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور ناصر حسین نے ٹیم کو سہارا دیا، دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 144 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 226 تک پہنچا دیا۔ شکیب الحسن 3 رنز کے فرق سے کیریئر کی تیسری سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ ناصرحسین 64 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دریں اثناءویسٹ انڈیز نے 648 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ شیونارائن چندرپال 150 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ شکیب الحسن نے 4 سوہاگ غازی نے 3 اور روبیل حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شیخ ابو نصر سٹیڈیم، کھلنا میں جاری دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے 564 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو چندرپال 109 اور رامدین 4 رنز پر کھیل رہے تھے۔621 کے مجموعی سکور پر شکیب الحسن نے اپنے اوور میں رامدین اور ڈیرن سمی کو آﺅٹ کر دیا۔ رامدین 31 اور سمی صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ پرماﺅل 13 سنیل نارائن صفر اور فیڈل ایڈورڈز دو رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ اس کے بعد چندرپال نے جب 150 رنز مکمل کئے تو کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ شکیب الحسن نے 4 سوہاگ غازی نے 3 روبیل حسین نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 82 کے مجموعی رنز پر اس کے پانچ مستند بلے باز آﺅٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اننگز سے کامیابی حاصل کر لے گی لیکن شکیب الحسن اور ناصر حسین نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ شکیب الحسن کیریئر کی تیسری سنچری کی طرف گامزن تھے کہ 97 کے انفرادی سکور پر پرماﺅل نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 6 وکٹ پر 226 رنز بنا لئے تھے اور اسے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کےلئے مزید 35 رنز کی ضرورت ہے۔ ناصرحسین 64 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ٹینوبیسٹ نے 3 پرماﺅل نے دو اور فیڈل ایڈورڈز نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔