اسلام آباد (ثناءنےوز)آرمی سپورٹس بورڈ نے قومی بیس بال ٹریننگ کیمپ میں آرمی کے کھلاڑی بھجوانے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ ٹریننگ کیمپ 26 نومبر سے شروع ہونے والی ایشین بیس بال چیمپئن شپ کے لئے لگایا گیا تھا۔ یہ چیمپئن شپ چائنیز تائی پے میں ہونا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیس بال فیڈریشن تین عہدوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ کرکے توہین عدالت کر رہی ہے ہم اس عمل میں شریک نہیں ہو سکتے ہیں۔ بیس بال فیڈریشن کے صدر سابق انسپکٹر جنرل پولیس شوکت جاوید اور سیکرٹری قومی سپورٹس پالیسی کے حوالے سے تیسری مدت گزار رہے ہیں جس پر سپریم کورٹ پابندی لگا چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واپڈا اور پولیس سپورٹس حکام پر بھی اس ضمن میں دبا بڑھ گیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل کریں اور کسی ایسی تنظیم کے کیمپ میں اپنے کھلاڑی نہ بھجوائیں جو سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل نہیں کر رہی وفاقی حکومت نے بیس بال فیڈریشن کو ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے این او سی دینے سے بھی انکار کر دیا ہے جس کے بعد بیس بال فیڈریشن نے این او سی لئے بغیر اپنی ٹیم کو ایشین چیمپئن شپ میں بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے اب یہ ٹیم چیمپئن شپ کے دوران قومی پرچم استعمال نہیں کر سکے گی۔