علماءاور عوام متحد ہو کر دشمنوں کی سازشیں ناکام بنا دیں: مولانا عبدالخبیر آزاد

لاہور (پ ر) خطیب و امام بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گرد اور انتہا پسندی کا سامنا ہے۔ اسلام اور ملک دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے اور بدامنی پھیلانے میں سرگرم ہیں ان حالات میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور عوام متحد ہو کر سازشوں کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان میں اتحاد بین المسلمین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک و مذاہب کے عقائد و نظریات اور مذہبی مقامات کا احترام کیا جائے۔ ملک میں امن کے فروغ کیلئے تمام فروھعی اختلافات کو چھوڑ کر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیرزراعت پنجاب و ڈیونل انچارج محرم کمیٹی ملک احمد علی نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں، عوام متحد ہو کر ملک کا امن خراب کرنے والوں کو بے نقاب کریں۔ کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیطرف سے امن کا قافلہ صوبہ بھر کا دورہ کر رہا ہے۔ جس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے مظفر گڑھ، خان گڑھ اور علی پور میں محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات کا معائنہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن