مریدکے (نامہ نگار+ آن لائن) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہم اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہیں۔ ہمارے پاس جدید ڈرون ٹیکنالوجی ہے، امریکہ کے اتحادی ضرور ہیں لیکن ہر کام میں تائیدی نہیں ہیں، عمران خان کھیل کے میدان کے کھلاڑی ہیں جبکہ سیاست میں اب بھی اناڑی ہیں، ہم ملک کو گرداب سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ عمران خان پھنسانے کی گیم میں لگے ہوئے ہیں۔ کھلی کچہری کے بعد نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کے دوران رانا تنویر حسین نے کہا کہ نیٹو سپلائی ہم نے نہیں بلکہ سابقہ حکمرانوں نے شروع کروائی اب جبکہ نیٹو اور امریکہ افغانستان سے نکل رہے ہیں تو عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو نیٹو سپلائی روکنے کا خیال آ گیا۔ عمران ایک طرف امریکہ سے ڈالر لیکر خیبر پی کے میں سرمایہ کاری کروا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف قوم کو بیوقوف بناکر نیٹو سپلائی روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیٹو سپلائی روکنا وفاقی حکومت کا کام ہے اور صوبائی حکومت بھی اجازت کے بغیر نہیں روک سکتی، عمران خان کی اپنی حکومت ہی ان کے خلاف ہے۔افراط زر کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور اپنی افواج کو جنگ میں داخل کرکے ہم اپنے عوام کو بھوکے نہیں مارنا چاہتے۔ آن لائن کے مطابق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملے امن کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں جس پر پاکستان کو سخت تشویش ہے لیکن عالمی برادری کی حمائت کے بغیر ان حملوں کا مقابلہ کرنا دانشمندی نہیں۔
ہم ملک بچانے، عمران گرداب میں پھنسانے کی گیم کھیل رہے ہیں: رانا تنویر
Nov 25, 2013