کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ کراچی میں چیئرمین وائس آف بلوچ مسنگ پرسنز قدیر بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے گھر کی بیٹی کو کراچی کی سڑکوں سے اٹھایا گیا ہم آپکے دکھ کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں، عوام کو تحفظ دینا جمہوری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ قدیر بلوچ نے کہا عافیہ صدیقی پورے ملک کی بیٹی ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں، حکومت پرویز مشرف کو مہمان نہ بنائے اور سزا دے۔ کراچی سے این این آئی کے مطابق وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا ہے کوئٹہ سے کراچی تک کا پیدل سفر اہل پاکستان کیلئے پیغام ہے۔ ڈاکٹر عافیہ سے لیکر بلوچ مسنگ پرسنز کا اصل ذمہ دار پرویز مشرف ہے، پرویز مشرف کی گرفتاری صرف ڈرامہ ہے۔ وہ اتوار کو ڈاکٹر عافیہ کے گھر دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، صمت صدیقی، ناصر کریم بلوچ، زرینہ مجید بھی موجود تھیں۔ مشرف پاکستان کے معصوموں کی گمشدگی اور ان کو لاپتہ کرنے کا مرکزی کردار ہے۔ اسے محلوں میں قید کرنے کے بجائے قیدیوں کی طرح رکھا جانا چاہئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو فروخت کرنے کا مقدمہ بھی چلنا چاہئے کیونکہ یہ اس وقت کے حاکم تھے۔ انہوں نے پاکستانیوں کا کوئی تحفظ نہیں کیا، حکومتیں اب بھی عوام کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ عافیہ کی بہن ہونے کے ناطے بلوچ بہن بھائیوں کی گمشدگی کا درد اچھی طرح سمجھ سکتی ہوں۔ زرینہ مجید کا کہنا تھا ڈاکٹر عافیہ کو اٹھایا گیا۔